امریکا نے ترکی کو ایف 35 طیاروں کے پروگرام سے باہر نکال دیا

July 18, 2019

امریکا نے ترکی کو ایف 35 طرز کے جدید لڑاکا طیارے آئندہ کبھی فروخت نہ کرنے کا اعلان کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ انقرہ کو ان طیاروں سے متعلق پروگرام میں شرکت کا کوئی اختیار حاصل نہیں ہوگا۔

ترکی کی جانب سے روس سے ایس 400 میزائل شکن سسٹم کی خریداری کے باعث امریکا نے انقرہ کو آئندہ ایف 35 طیاروں کی فروخت بند کرنے کا اعلان کیا، امریکا کو خدشہ ہے کہ روسی میزائل سسٹم کو جدید امریکی لڑاکا جہاز کے اہم فنی راز چرانے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان اسٹیفنی گریشم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی ساختہ ایس400 ایئر ڈیفنس سسٹم خریدنے کے بعد انقرہ کی ایف 35 طرز کے لڑاکا طیاروں کے پروگرام میں شرکت ناممکن ہوگئی ہے۔

مزید جانیے : روسی ساختہ ایس 400 میزائل سسٹم کی پہلی کھیپ ترکی پہنچ گئی

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا، ترکی سے دیگر معاملات میں تعاون جاری رکھے گا، تاہم اس تعاون کا دائرہ ان حدود و قیود میں ہوگا جو ایس400 طرز کے روسی دفاعی سسٹم کی موجودگی سے ہم آہنگ ہو۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے واضح کیا ہے کہ ترکی کو ایف35 لڑاکا طیاروں کے پروگرام سے نکالنے کی کارروائی کا آغاز ہوگیا، نیٹو کی رکنیت سے متعلق امور کا فیصلہ خود نیٹو کرے گا۔

دوسری جانب امریکا نے ترکی کو ایف 35 طرز کے لڑاکا جہازوں کے پروگرام سے نکالنے کیلئے زیر پر تربیت 2 ترک پائلٹس کو بھی 31 جولائی تک ملک سے چلے جانے کی ہدایت کی ہے۔