بھارت میں بارشوں اور سیلاب سے 67 افراد ہلاک

July 17, 2019

بھارت کی مشرقی اور شمال مشرق میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 67 افراد ہلاک ہوگئے، اترپردیش، آسام اور بہار سمیت مختلف ریاستوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

روزنامہ ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارت کی متعدد ریاستوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا  ہے، سیلاب کی زد میں آکر صوبہ اتر پردیش میں 6، آسام میں 22، بہار میں 33 اور میغالایا میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

بھارت کے  محکمہ موسمیات (انڈین میٹ ڈیپارٹمنٹ) کے مطابق بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں مون سون کا تقریباً 40 فیصد حالیہ 10 دن میں برس گیا ہے، ان علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سیلابی صورتحال کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے، آسام اور بہار کے صوبوں میں سیلاب زدگان کو حکومت کی طرف سے قائم کیمپوں میں منتقل کرنے کیلئے فوج کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔