میر واعظ کی زیر قیادت حریت قیادت بھارت سے مذاکرات پر آمادہ

June 24, 2019

مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمر فاروق کی زیر قیادت حریت فورم نے کہا ہے کہ حریت قیادت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہمیشہ مذاکرات کی حامی رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سرینگر میں ایک بیان میں حریت فورم کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ 72 سال میں کشمیری اس تنازع سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے فریق کی حیثیت سے فطری طور پر اس کا حل چاہتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ حریت فورم اس مؤقف پر ثابت قدم اور اس کا اعادہ کرتی ہے کہ طاقت کے بجائے فریقین کے درمیان رابطے اور مذاکرات ہی مسئلہ کشمیر کے حل کا بہترین اور پرامن راستہ ہیں۔

حریت فورم نے یہ بات مقبوضہ کشمیر کے گورنر ستیا پال ملک کے اس بیان کے ردعمل میں کہی جس میں انہو ں نے کہا کہ یہ امر حوصلہ افزاء ہے کہ حریت قیاد ت مذاکرات کیلئے تیار ہے۔