بھارتی لوک سبھا الیکشن مکمل، بی جے پی کی بڑی کامیابی کا امکان

May 20, 2019

بھارتی لوک سبھا کے انتخابات کا آخری مرحلہ مکمل ہوگیا، ایگزٹ پولز کے مطابق مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی انتخابات میں کلین سوئپ کر رہی ہے۔

بھارت میں 11 اپریل سے شروع ہونے والا انتخابی عمل آج مکمل ہوگیا، اس دوران مختلف ریاستوں میں مرحلہ وار ووٹنگ ہوئی۔ ساتویں اور آخری مرحلے کے دوران 10 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے میں 8 ریاستوں کی 59 نشتوں پر پولنگ ہوئی، جس میں ریاست اتر پردیش، بہار، پنجاب اور مغربی بنگال میں بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی اورمخالف امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔

انتخابات ختم ہونے کے بعد جاری کیے جانے والے ایگزٹ پولز کے مطابق نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اوراتحادیوں کی جیت کا قوی امکان ہے۔ مودی وراناسائی سے الیکشن لڑرہے ہیں۔

ایگزٹ پولز کے مطابق بی جے پی کی سربراہی میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس 339 سے 370 تک سیٹیں حاصل کر رہا ہے جبکہ راہول گاندھی کی انڈین نیشنل کانگریس بمشکل 100 نشستیں حاصل کرپائے گی ۔

یاد رہے کہ 543 رکنی پارلیمنٹ میں اکثریت کے لیے 273 نشستیں حاصل کرنا ضروری ہیں ، لیکن ساتھ ہی ماہرین نے خبردار بھی کیا ہے کہ ماضی میں ایگزٹ پولز اکثر غلط ثابت ہوتے رہے ہیں۔

بھارتی الیکشن کے نتائج کا اعلان 23 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے بعد اسی روز کیا جائے گا۔