ایف سولہ طیارہ گر کر تباہ

May 17, 2019

ایف سولہ لڑاکا طیارہ فیلکن فائٹر جیٹ معمول کے مشن پر تھا کہ فنی خرابی کے باعث امریکی ریاست کیلی فورنیا میں گر کر تباہ ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق امریکی فضائی بیڑے میں شامل ایف 16 فیلکن فائٹر طیارہ ریاست کیلی فورنیا گر کر تباہ ہوگیا۔

 

روسی میڈیا کے مطابق ایف سولہ طیارہ مارچ ایئر ریزرو بیس کے گودام میں گر کر تباہ ہوا ہے۔ یہ واقعہ ریور سائیڈ کاؤنٹی میں پیش آیا ہے۔ حادثے کے دوران طیارے کا پائلٹ پیرا شوٹ کے ذریعے جان بچانے میں کامیاب رہا۔

گودام میں طیارہ گرنے سے پانچ افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 

مذکورہ طیارہ 114 فائٹر وننگ سوئز فالز اسکواڈرن کا حصہ تھا، جو ساوتھ ڈکوٹا میں واقعہ ہے۔ طیارہ معمولی کے تربیتی مشن پر تھا۔ طیارہ گودام میں گرنے کے بعد وہاں آگ لگ گئی۔

حادثے کے وقت طیارہ میں مزائلز اور دیگر جنگی ساز و سامان بھی نصب تھا۔ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ طیارے کے پائلٹ کی شناخت سے متعلق فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

 

مارچ ایئر ریزرو بیس کے ڈپٹی فائر چیف نے خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کو بتایا کہ طیارہ معمول کے ٹریننگ مشن کے بعد لینڈ کر رہا تھا کہ گودام کی چھت پر جا گرا، تباہ شدہ ایف 16 طیارہ عام ہتھیار لے کر جا رہا تھا، ہتھیاروں کو جہاز کے ملبے سے اس وقت نکالا جائے گا جب حکام ان سے کسی قسم کے نقصان نہ ہونے کو یقینی بنالیں گے۔

 

ڈپٹی فائر چیف نے ایف سولہ طیارے کے گرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ طیارے میں ہائیڈرالک مسائل پیدا ہونے کی وجہ سے پائلٹ طیارے کو قابو نہیں کر پا رہا تھا، طیارہ گرنے سے گودام کو معمولی نقصان پہنچا ہے اور زیادہ آگ نہیں لگی۔ پائلٹ کو طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔