سری لنکا،ایسٹر پرچرچ اور ہوٹلز میں8خودکش حملے،290 افراد ہلاک, متعدد زخمی

April 22, 2019

سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر دارالحکومت سمیت متعدد شہروں میں بم دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 290 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ دھماکے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، مرنے والوں میں 35 غیر ملکی اور پولیس اہل کار بھی شامل ہیں۔

مشکوک 24 افراد گرفتار

خبر رساں ایجنسی نے سری لنکن پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ سر ی لنکا میں ہونے والے خود کش حملوں میں 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکوں میں ملوث 24 افراد کو مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا ہے۔

کرفیو نافذ

دھماکوں کے فوری بعد سری لنکا بھر میں کرفیو نافذ کرکے ایسٹر کی دیگر تقریبات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملوں میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت گرجا گھروں اور ہوٹلز کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اس پہلو پر بھر غور کر رہے ہیں کہ آیا کہیں دہشت گردوں کے بیرون ملک رابطے تو نہیں تھے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

کہاں کہاں دھماکے؟

دوسری جانب کولمبو ایئرپورٹ کے قریب سے بھی پولیس نے پائپ بم برآمد کرکے اسے ناکارہ بنا دیا۔ دیگر حملوں کی تفصیلات سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ ایک خود کش حملہ آور نے ہوٹل کے اندر اپنے آپ کو اس وقت دھماکے سے اڑایا جب لوگ ناشتے کیلئے لائن میں کھڑے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا دھماکا کولمبو میں سینٹ انتھونی چرچ میں، دوسرا سینٹ سبیس ٹین کولمبو کے باہر کے علاقے میں اور تیسرا کولمبو کے علاقے بٹی کالاؤ کے گرجا گھر میں ہوا ہے جبکہ نشانہ بننے والے تین ہوٹلوں میں دی شینگریلا، سینامن گرانڈ اور کنگز بری شامل ہیں۔

غیر ملکی کون کون شامل؟

دھماکوں میں ہلاک غیر ملکیوں میں 3 بھارتی، 3 برطانوی،2 ترکش، اور ایک پرتگالی شامل ہیں۔ 2 افراد ایسے بھی ہیں، جن کے پاس امریکی اور برطانوی پاسپورٹس تھے۔ دھماکوں کے بعد 9 غیر ملکی تاحال لاپتا ہیں۔ سری لنکا کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ 25 ایسی لاشیں بھی ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ یہ افراد بھی غیر ملکی تھے۔ جاپان کی حکومت نے ایک جاپانی شہری کی دھماکے میں ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

تاریخی چرچ

دھماکوں میں تاریخی اینٹ اینتھونی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں چرچ اتنی بری طرح متاثر ہوا کہ اس کی چھت تک اڑ گئی، جب کہ دھماکے سے متاثرہ دیوار پر جابجا خون کے دھبے اور نشانات بھی ہیں۔

انٹیلی جنس اطلاعات

اعلی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں 10 روز قبل ایسے حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس میں کہا گیا تھا کہ خود کش حملہ آور مشہور گرجا گھروں کو اپنے ہدف کا نشانہ بنائیں گے۔ غیر ملکی خفیہ ایجنسی کے مطابق انہیں ایسی اطلاعات ہیں کہ نیشنل ٹوویتھ جاما ( این جے ٹی ) کولمبو میں مشہور اور تاریخی گرجا گھروں پر خود کش حملوں کی تیاری کر رہی ہے۔

مسحیوں کی کتنی فیصد آبادی؟

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 21 ملین کی آبادی کے اس ملک میں مسیحوں کی آبادی صرف 6 فیصد ہے اور اس سے پہلے ان پر کبھی ایسا حملہ نہیں ہوا۔ حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی دہشت گرد تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

 

ایفل ٹاور کی بتیاں بجھا دی گئیں

سری لنکا میں ہونے والی بد ترین دہشت گردی میں ہلاک ہونے والے افراد کے غم اور متاثر اہل خانہ سے تعزیت میں پیرس کے مشہور ایفل ٹاور کی بتیاں بجھا دی گئیں۔

 

سری لنکن حکومت

سری لنکن وزیر اعظم نے بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے دھماکوں کو بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سری لنکن عوام اس مشکل وقت میں متحد اور مضبوط رہیں، حکومت موجودہ صورتحال کے حل کے لیے فوری اقدامات کررہی ہے۔