ٹک ٹاک ویڈیو نے 19سالہ لڑکے کی جان لے لی

April 15, 2019

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران نوجوان کے ہاتھوں پستول چل گئی، گولی لگنے سے دوست ہلاک ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کی شب دہلی کے تین دوست سلمان ذاکر، سہیل اور عامر انڈیا گیٹ تک ڈرائیو کیلئے گئے تھے، واپسی میں سلمان گاڑی چلا رہے تھے، ان کے دوست سہیل نے ٹک ٹاک پر ویڈیو بنانے کیلئے ان پر پستول تان لی، تاہم گولی چل گئی جو سلمان کے گال پر لگی۔

پولیس کے مطابق پچھلی سیٹ پر بیٹھا عامر اور سہیل گولی چلنے پر خوفزدہ ہوگئے، دونوں نوجوان پہلے گاڑی سہیل کے رشتہ دار کے گھر اور پھر مقامی اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے سلمان کی موت کی تصدیق کردی۔

دہلی پولیس کے مطابق عامر، سہیل اور تیسرا شخص اسپال سے فرار ہوگئے، جس پر اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو کال کرکے واقعے کے اطلاع دی۔ پولیس نے اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے سہیل اور عامر کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہے، جس میں دیکھا جائے گا کہ گولی حادثاتی طور پر چلی یا قتل کرنے کے ارادے سے ماری گئی۔