سال 2019 : دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کی فہرست جاری

January 9, 2019

دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کی فہرست جاری کردی گئی جس کے مطابق جاپان ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا جبکہ امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا کی تنزلی ہوئی اور پاکستان اپنی پوزیشن پر برقرار رہا۔

پاسپورٹ پر نظر رکھنے والے بین الاقوامی ادارے ہینلے نے سال 2019 کی نئی رینکنگ جاری کی، ہینلے کی رپورٹ کے مطابق جاپانی پاسپورٹ فہرست میں پہلی پوزیشن پر براجمان رہا جس کے شہری 190 ممالک اور شہروں کا ویزہ یا پھر ائیرپورٹ پر ہی حکام سے داخلے کی اجازت لے سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سنگا پور اور جنوبی کوریا کا پاسپورٹ دوسرے نمبر پر رہا جس کے شہری 189 ممالک کا بغیر کسی پابندی کے سفر کرسکتے ہیں۔ سال 2018 میں جنوبی کوریا کا پاسپورٹ تیسرے نمبر پر تھا جس کی پوزیشن بہتر ہوئی۔

عالمی رینکنگ میں فرانس اور جرمنی کو چوتھا نمبر ملا جس کے حامل افراد 188 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں اسی طرح ڈنمارک، فن لینڈ، اٹلی، سوئیڈن کے پاسپورٹس نے چوتھی پوزیشن برقرار رکھی جبکہ اسپین کے پاسپورٹ کی ایک درجہ تنزلی ہوئی۔

اسیپن وہ واحد ملک ہے جس کا پاسپورٹ پانچویں پوزیشن حاصل کرسکا، علاوہ ازیں آسٹریلیا ، نیدرلینڈ، ناروے، پرتگال، سوئٹزر لینڈ کے پاسپورٹ چھٹی پوزیشن حاصل کرسکے جبکہ سال 2018 میں ان ممالک کے پاسپورٹ پانچویں پوزیشن پر تھے۔

پاکستان کے پاسپورٹ نے 102ویں پوزیشن برقرار رکھی جس کے حامل افراد 33 ممالک کا ویزہ فری سفر کرسکتے ہیں۔ صومالیہ، شام، عراق اور افغانستان کے پاسپورٹ پاکستان کے مقابلے میں ایک بار پھر کمزور رہے۔

ہینلے کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ طاقتور ترین پاسپورٹ کی درجہ بند شہریوں کی جانب سے ملک میں کی جانے والی سرمایہ کاری کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی۔