مکۃ المکرمہ اور مدینۃ المنورہ کے درمیان ٹرین سروس کا رواں ماہ آغاز

September 12, 2018

سعودی عرب میں پہلی بار حرمین ٹرین سروس کا رواں ماہ (ستمبر میں) آغاز ہورہا ہے، صرف چند روز بعد مسافر مکۃ المکرمہ اور مدینۃ المنورہ کا سفر ٹرین کے ذریعے بھی کرسکیں گے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی وزیر نقل و حمل ڈاکٹر نبیل العمودی نے بتایا ہے کہ حرمین شریفین کے درمیان ٹرین کمرشل بنیادوں پر رواں ماہ ستمبر 2018ء سے چلنے لگے گی۔

ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر نقل و حمل کا مزید کہنا تھا کہ مملکت میں مال گاڑیوں کا نظام بھی لایا جارہا ہے جس کی بدولت شاہراہوں سے 5 لاکھ ٹرکوں کا رش کم ہو جائے گا۔

مقدس شہروں کے درمیان حرمین ٹرین سروس 300 کلو میٹر پر محیط ہے، جس کے باعث حاجیوں اور معتمرین کے سفر میں کافی سہولت اور وقت کی بچت ہوگی، ٹرین مدینہ، رابغ، جدہ سے ہوتے ہوئے مکہ مکرمہ پہنچے گی۔