امریکا میں خطرناک طوفان، ہریکن فلورنس کیٹیگری 4 قرار

Samaa Web Desk
September 12, 2018

 

امریکا کی مشرقی ریاستیں خطرے میں پڑ گئیں، کیٹیگری فور کا سمندری طوفان فلورنس تیزی سے بڑھنے لگا، شمالی اور جنوبی کیرولینا کے رہائشی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے لگے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ہریکن فلورنس کو ہولناک طوفان قرار دے دیا۔

امریکا کی مشرقی ریاستیں طوفان فلورنس کی زد میں ہیں، شمالی اور جنوبی کیرولینا کے 17 لاکھ سے زائد رہائشی گھر بار چھوڑنے لگے، شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کئی دہائیوں کا سب سے بڑا طوفان ہوسکتا ہے، فلورنس کیٹیگری 4 کا طوفان ہے، متعدد علاقوں میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں، بارش بھی وقفے وقفے سے ہورہی ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ طوفانی علاقوں میں ٹھہرنا جان لیوا غلطی ہوسکتی ہے، میری لینڈ، شمالی کیرولینا، جنوبی کیرولینا، ورجینیا اور واشنگٹن میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔