طرابلس کے ہوائی اڈے پر راکٹ حملوں کے بعد فضائی آپریشن معطل

Samaa Web Desk
September 12, 2018

لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر راکٹ حملوں کے بعد فضائی آپریشن معطل کردیا گیا۔


عرب خبر رساں ادارے کے مطابق مطیجہ ہوائی اڈے پر داغے گئے راکٹوں اور گولہ باری کے بعد ہوائی اڈے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ راکٹ حملوں کے بعد فضائی ٹریفک معطل کردی گئی ہے، لیبیا کی فضائی کمپنی کی ایک پرواز جو مصر کے شہر اسکندریہ سے آ رہی تھی کا راستہ تبدیل کرکے 190 کلو میٹر دو مصراتہ ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

مصراتہ ہوائی اڈے کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ طرابلس ہوائی اڈے پر لینڈ کرنے والی تمام پروازوں کو مصراتہ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ طرابلس کے مطیجہ ہوائی اڈے کو 31 اگست سے 7 ستمبر تک شہر میں جاری لڑائی کے باعث بند کردیا گیا تھا، اس لڑائی میں کم سے کم 63 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔