داعش کا حملہ، 21 شامی فوجی ہلاک

Samaa Web Desk
September 11, 2018

شام کے جنوبی صوبے سویدا میں داعش کے حملے میں 21 شامی فوجی مارے گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق لندن میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم نے بتایا ہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے حملہ سویدا میں تولال الصفاء کے علاقے میں کیا۔

داعش کے حملے میں کم از کم 21 شامی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، تاہم اس حوالے سے شامی فوجی ذرائع نے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

اطلاعات کے مطابق اس علاقے میں امریکی اتحادی افواج نے جنگجوؤں کیخلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے، واقعے میں داعش کے 8 جنگجو بھی ہلاک ہوئے جبکہ داعش نے درجنوں افراد کو یرغمال بنالیا۔