پیرس میں چاقو اور سلاخ سے لوگوں پر حملہ

September 10, 2018

پیرس میں حملہ آور نے چاقو اور سلاخ کے وار سے سات لوگوں کو زخمی کردیا۔ زخمی ہونے والوں میں دو برطانوی شہری بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس کے شمالی علاقے لوئر کوئے میں ایک شخص نے تیز چاقو اور لوہے کی سلاخ سے لوگوں پر حملہ کردیا۔

واقع میں سات افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والوں میں دو برطانوی شہری بھی شامل ہیں۔ دیگر افراد کی شناخت سے متعلق تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہ آسکیں۔

فرانسیسی پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور افغان شہریت کا حامل ہے، جسے پولیس نے آلے سمیت گرفتار کر لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے چار افراد کو گہرے زخم آئے ہیں، جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کی جانب سے ایم کے ٹو سینما کمپلیکس کے باہر پہلے تین افراد پر حملہ کیا گیا، جو سڑک پر سے گزر رہے تھے۔ حملے کے دوران ایک شخص کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، جب کہ دوسرے کے سینے میں گہرے زخم لگے۔

 

حملہ آور کو دیکھ کر قریب میں موجود لوگوں نے اسے بھگانے کی کوشش کی اور اس کی جانب چیزیں پھینکی تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکے، جس کے بعد حملہ آور نے مزید چار افراد کو زخمی کیا۔