جاپان، زلزلے سے ہلاک افراد کی تعداد 16 ہوگئی

September 7, 2018

جاپان کے شمالی علاقوں میں آنے والے زلزلے کے بعد اب تک ہلاک افراد کی تعداد 16 ہوگئی، درجنوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں، امدای کارروائیاں جاری ہیں۔

جاپان کے شمالی علاقوں میں شدید زلزلے سے ہلاک افراد کی تعداد 16 تک پہنچ گئی، حکام نے بتایا ہے کہ ریسکیو ورکرز سدھائے ہوئے کتوں اور جدید آلات کی مدد سے ممکنہ طور پر ملبے تلے دبے لوگوں کو تلاش کر رہے ہیں، زلزلے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ زلزلے کے نتیجے میں ہوکائیڈو جزیرے پر ہونے والی شدید لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد عمارتیں بھی متاثر ہوئیں، ایٹسوما گاؤں میں تقریباً 26 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

ایٹسوما میں مقامی حکام کے مطابق ملبے تلے دبے لوگوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں جنہیں نکالنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق زلزلے سے پاور اسٹیشن کو نقصان پہنچنے کے نتیجے میں 16 لاکھ گھروں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی تھی جن میں سے 14 لاکھ گھروں کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ بجلی کی مکمل بحالی میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 22 ہزار ریسکیو اہلکاروں نے سیلف ڈیفنس فورسز کی جانب سے لوگوں کو کسی بھی ممکنہ زلزلے کے خدشات کے باعث ایمرجنسی پانی، پیٹرول اور  ضروری اشیاء کی ذخیرہ کر نے کی بھی ہدایت کی ہے۔

حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں اموات کی شرح کم جبکہ ایٹسوما میں لینڈ سلائڈنگ کے باعث زخمی ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔