امریکا میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک، متعدد زخمی، حملہ آور بھی مارا گیا

Samaa Web Desk
September 6, 2018

 

امریکی شہر سنسناٹی کے بینک میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی شہر سنسناٹی کے قلب میں واقع بینک میں مسلح شخص داخل ہوا اور فائرنگ کردی، واقعے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا، فائرنگ کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہوسکا۔

سنسناٹی پولیس چیف ایلیٹ آئزک کا کہنا ہے کہ مسلح شخص فائرنگ کرتا ہوا لابی میں داخل ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے، بعد ازاں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا، علاقے کو کلیئر کردیا گیا ہے، حملے کے مقاصد کا تاحال علم نہیں، پولیس تحقیقاتی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔