جاپان میں خوفناک طوفان کی تباہ کاریاں، 11 افراد ہلاک، سیکڑوں زخمی

September 5, 2018

  

جاپان میں طاقتور سمندری طوفان مغربی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں، مختلف حادثات میں ہلاکتیں 11 تک جاپہنچیں، سیکڑوں افراد زخمی ہوئے۔

جاپان میں 25 سال کے دوران بدترین طوفان نے ہر طرف تباہی مچادی، طوفان جیبی کے دوران مختلف حادثات میں 11 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں گھروں کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

جاپان کے مغربی ساحلی علاقوں میں طوفان کے دوران 126 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں جس کے باعث مکانات کی چھتیں اڑ گئیں، کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے، تیز ہوا کے باعث گاڑیاں چلتے چلتے الٹنے لگیں، سائن بورڈز اور درخت گر گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جاپان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوئی، اوساکا اور کیوٹو شہروں میں پروازیں منسوخ کردی گئیں، ٹرین سروس معطل ہوگئی جبکہ ٹریفک کا پہیہ بھی رک گیا، کنسائی ایئر پورٹ پانی میں ڈوب گیا جس کے باعث 3 ہزار مسافر پھنس گئے۔

جاپان میں طوفان سے متاثرہ مغربی علاقوں میں 12 لاکھ گھر بجلی سے محروم ہوگئے، عوام کو ضروریات زندگی کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔