امریکا نے ترکی کو میزائل خریدنے سے باز آنے کی شرط پیش کردی

August 28, 2018

امریکا نے ترکی کو روس سے ایس۔ 400 میزائل خریدنے سے روکنے کےلئے شرط پیش کردی۔

ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی کانگرس کا ایک وفد وزارت خارجہ و دفاع کے عہدیداروں سے ملاقات کی غرض سے انقرہ آیا۔ ترک وفد کی صدارت عثمان عاشقن بق جبکہ امریکی وفد کی صدارت مائیکل ٹرنر نے کی۔

ترکی اور متحدہ امریکا نے ایف۔35 جنگی طیاروں، ایس۔ 400 فضائی دفاعی نظام اور علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم (پی کے کے) کے معاملات پر بات چیت کی ہے۔

امریکی وفد نے ترک وفد کو بتایا کہ اگر ترکی روس سے ایس۔ 400 میزائل نظام کو خریدنے سے باز آگیا تو پھر ایف ۔35 کے حوالے سے پابندیوں کو ہٹایا جاسکتا ہے۔

مہمان وفد نے ترکی کے ساتھ باہمی تعلقات میں بہتری لانے کی خواہش کا پیغام دیا ہے جبکہ ترک وفد نے امریکی کانگرس کے ترکی مخالف منفی مؤقف کو ترک کرنے کی اپیل کی ہے۔