امریکی وزیر خارجہ کی پاکستان کو 14اگست پر مبارکباد

Samaa Web Desk
August 15, 2018

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ 7 دہائیوں سے تعلقات استوار ہیں اور آئندہ بھی جنوبی ایشیا میں قیام امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔

مائیک پومپیو نے پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی پر امریکا کی جانب سے دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دل کی گہرائیوں کے ساتھ امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کو 71 ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اپنے بیان میں امریکی وزیرخارجہ نےمزید کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کی طرح پاکستان اور امریکا کے عوام کے درمیان بھی تعلقات نہایت خوشگوار ہیں اور اس اہم دن پر امریکی عوام اور حکومت، پاکستان کی حکومت اور عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں۔

 

دوسری جانب دنیا بھر سے عالمی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان کے 71ویں یوم آزادی پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے بھی پاکستانیوں کی خوشیوں میں انوکھے انداز میں شریک ہوتے ہوئے اردو میں خصوصی پیغام ریکارڈ کرایا ہے۔

برطانیہ اور امریکا کی طرح دنیا کے دیگر ممالک میں قائم سفارت خانوں اور قونصلیٹس میں بھی جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریبات منعقد ہوئیں، جس میں فنکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا، جب کہ امریکی سینیٹرز اور کنساس کے گورنرز نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کو جشن آزادی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔