برہانی وانی کی دوسری برسی سے قبل آسیہ اندرابی گرفتار

Samaa Web Desk
July 7, 2018

شہید برہان وانی کی دوسری برسی سے قبل قابض بھارتی فوج نے مزید اوچھے ہھتکنڈے اپناتے ہوئے حریت رہنماؤں کو نظر بند، جب کہ آسیہ اندرابی کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے خفیہ تحقیقاتی ادارے کے حوالے کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس سے جاری خبروں کے مطابق شہید کشمیری رہنما برہان وانی کی دوسری برسی سے قبل قابض بھارتی فوج اور انتظامیہ ایک بار پھر ابھرتی تحریک کو دبانے کیلئے اوچھے ہھتکنڈوں پر اتر آئی۔ قابض بھارتی انتظامیہ کی جانب سے سلگتی وادی میں پابندیاں نافذ، جب کہ حریت رہنماؤں کو گرفتار اور نظر بند کردیا گیا ہے۔

دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے عدالت نے 10 روزہ ریمانڈ پر بھارتی تحقیقاتی ادارے کے حوالے کر دیا۔ بھارت مخالف احتجاج اور مظاہرے روکنے کیلئے وادی میں طرح طرح کی پابندیاں نافذ اور بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

 

میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ مظاہروں میں شرکت سے روکنے کیلئے یہ کام کررہی ہے۔ گزشتہ روز بھی سری نگر کی جامع مسجد کو سیل کرکے کشمیریوں کونماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا گیا۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے برہان وانی کی دوسری برسی کےموقع پر کل ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

دوسری جانب دختران ملت کی سربراہ آسیہ انداربی کو بھارتی تحقیقاتی ادارے نے جھوٹے مقدمات میں سری نگر سے نئی دہلی منتقل کردیا ،جہاں دہلی کی عدالت نے آسیہ اندرابی کو دو ساتھیوں سمیت 10 روزہ ریمانڈ پر این آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

حریت قیادت نے بھارتی اقدام کی سخت مذمت کرتےہوئے ہفتہ کو بھی مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔