تھریسا مے برطانوی پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں،ٹرمپ کو نہیں

Samaa Web Desk
April 15, 2018

لندن : شام پر حملے پر برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین کا کہنا ہے کہ برطانوی وزیراعظم پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں، امریکی صدر کو نہیں۔

برطانوی میڈیا سے جاری خبروں کے مطابق شام میں بشارالاسد پر کیمیکل ہتھیاروں کے الزام کے بعد برطانوی وزیراعظم کو ملک کے اندر سخت تنقید کا سامنا ہے۔ شام پر حملے کے بعد تھریسامے نئی مشکلات سے دوچار ہوگئی ہیں۔

 

 

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھریسامے کو اتحادی امریکا کے ساتھ شام پر حملے میں پارلیمنٹ کی منظوری نہ لینے پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

برطانوی ٹی وی رپورٹ کے مطابق شام پر حملے کے بعد آج ہونے والا پارلیمنٹ کا اجلاس ہنگامہ خیز ہوسکتا ہے، تھریسامے کو کیمیکل واچ ڈاگ کی تحقیقات سے پہلے حملہ کرنے پر نکتہ چینی کا نشانہ بنایا گیا۔

 

 

 

 

دوسری جانب رکن پارلیمنٹ جیرمی کوربن کا کہنا ہے کہ برطانوی وزیراعظم کو حملے سے قبل پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا، تھریسا مے پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں، امریکی صدر کو نہیں۔