دنیاکاسب سےبڑامعاہدہ،بھارت کا100طیارےخریدنےکافیصلہ

Samaa Web Desk
April 8, 2018

نئی دہلی : جنگی حکمت عملی اور جنون میں مبتلا بھارت نے دنیا کا سب سے بڑا معاہدہ کرتے ہوئے 100 جنگی طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق جنگی طیاروں کیلئے 15 ارب ڈالرز کا معاہدہ متوقع ہے، جو لڑاکا طیارووں کے لئے کیا جانے والا اب تک کا دنیا کا سب سے بڑا معاہدہ ہوگا۔

جنگی طیاروں کے حصول کے لئے فضائیہ کی جانب سے حکومت کو درخواست بھیج دی گئی ہے،جس میں نئے طیاروں کی خریداری سے متعلق وضاحت بیان کی گئی ہے۔ طیاروں کے لئے سویڈن، امریکا، روس، فرانس اور یورپی کنسورشیم کی طیارہ ساز کمپنیوں کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ان طیاروں کی تیاری کا 85 فیصد کام بھارت کے اندر انڈین پروڈکشن ایجنسی کے ذریعے کیا جائے گا اور اس بات پر زور دیا جائے گا کہ پہلا طیارہ3 سال کے اندر مل جائے۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ ان جہازوں کو انتہائی جدید ٹیکنالوجی کا حامل بنایا جائے گا، جو فضا میں ہی ری فیولنگ کے ذریعے مسلسل 10 گھنٹے تک اور بلندی پر واقع ائیر فیلڈز سے بھی پرواز کر سکیں۔

بھارتی فضائیہ کے ذرائع کے مطابق بھارت ڈی سالٹ میراج، رافئیل، گرپین، ایف سولہ جیسے طیاروں کی خریداری میں دلچسپی رکھتا ہے۔