نیویارک میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

March 12, 2018

نیویارک : امریکی شہر نیویارک کے پوش علاقے مین ہیٹن کے قریب ہیلی کاپٹر ایسٹ ریور میں گر کر تباہ ہوگیا۔ اندوہناک حادثے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا سے جاری خبروں کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے پوش علاقے مین ہیٹن کے ایسٹ ریور میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔

حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دیگر عملے میں سے دو افراد ہلاک ہوگئے، جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر میں چھ افراد سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر میں سوار دیگر افراد کی تلاش جارہی ہے۔

امریکی میڈیا سے جاری ابتدائی رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر انجن فیل ہونے کے باعث دریا میں گر کر تباہ ہوا۔

حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے پیش آیا، جب کہ ریسکیو ٹیمیں حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیوں میں تاحال مصروف ہیں۔