ٹرمپ کا افریقی ممالک کیلئے انتہائی بےہودہ لفظ کا استعمال

Samaa Web Desk
January 12, 2018

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک بار پھر تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹی اور دیگر افریقی ممالک کیلئے انتہائی نازیبا لفظ کا استعمال کیا گیا ہے، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر غیر ملکیوں کو امریکا میں داخل کرنا ہے تو افریقی ممالک کے بجائے ناروے کے لوگوں کو داخل کیا جائے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ سے چھ سینیٹرز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نئی امیگریشن پالیسی اور غیر ملکیوں کے امریکا میں داخل سے متعلق نیا بل لانے اور پالیسی میں رود بدل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ہیٹی اور دیگر افریقی ممالک کے خلاف سخت تعصبانہ رویے کا اظہار کیا گیا، امریکی صدر نے اپنے رتنے اور عہدے کا خیال کیے بغیر انتہائی بے ہودہ اور نازیبا لفظ کا استعمال کرکے اپنی نفرت اور تکبر کا اظہار کیا۔

ملاقات میں امیگریشن سے متعلق قوانین اور قوائد و ضوابط پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر امیگریشن کے ذریعے لوگوں کو امریکا لانا ہے تو پھر ہیٹی ، ایکواڈور اور دیگر افریقی ممالک کے بجائے ناروے اور دیگر بہتر ممالک سے لوگوں کو امریکا لایا جائے۔

ٹرمپ کی جانب سے انتہائی بے ہودہ لفظ استعمال کرنے پر مختلف حلقوں میں ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اس پر بحث کی گئی۔ ملاقات کے دوران امریکی صدر نے میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میڈیا ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کرتا ہے۔

امریکی کانگریس کی واحد ہیٹین امریکین رکن میا لو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بےہودہ بیان اور لفظ کے استعمال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کو اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہیئے۔

Sen, Mia Love

 

 

وائٹ ہاؤس ترجمان سے جب امریکی صدر کے فحش لفظ سے متعلق جاننا چاہا تو انہوں نے اس بات کی تردید تو نہیں تاہم یہ ضرور کہا کہ امریکی صدر اس طرح کے اقدامات کر رہے ہیں جس سے ملک مضبوط ہو، اس لیے ہمیں ایسے لوگوں کو خوش آمدید کہنا چاہئے جو مثبت طریقے سے معاشرے اور ملک کیلئے بہتر ثابت ہوسکیں۔

واضح رہے ک گزشتہ سال ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ ہیٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے خصوصی امیگرینٹس قانون کو ختم کیا جائے گا، قانون ختم ہونے کی صورت میں لاکھوں ہیٹی شہری اس سے متاثر ہونگے۔ سماء