بوائے فرینڈ سے ملنے کیلئے ڈرامہ رچانے والی خاتون کو سزا

November 10, 2017

پیرس: فرانس کی رہائشی خاتون کو انوکھے جرم میں سزا کا سامنا کرنا پڑا۔ اپنے ہی اغوا ہونے کا ڈراما کرنے کے جرم میں خاتون کو عدالت کی جانب سے چھ ماہ قید کی معطل سزا سنادی گئی۔

سینڈی گائی لارڈ نامی خاتون کے اغواء کی اطلاع پولیس کو اس کے بوائے فرینڈ نے جولائی میں دی تھی۔ پولیس کو بتایا گیا کہ سینڈی نے اپنے بوائے فرینڈ کو ٹیکسٹ میسج بھیجتے ہوئے کہا کہ اسے ایک کار کی ڈگی میں بند کر کے کہیں لے جایا جا رہا ہے۔

بوائے فرینڈ کی جانب سے خاتون کے اغواء کی اطلاع پر پولیس نے 24 گھنٹے تک خاتون کی تلاش جاری رکھی، مگر اس کے بعد وہ خود ہی واپس پہنچ گئی اور پولیس کو بتایا کہ اغوا کاروں نے مجھے ایسے ہی چھوڑدیا۔

خاتون کے بیان میں جھول کے باعث پولیس حکام کو شک گزرا کہ وہ جھوٹ بول ہی ہے، پوچھ گچھ پر سینڈی نے اعتراف کر لیا کہ سارا ڈراما اس نے خود ہی رچایا تھا کیونکہ وہ ایک دوسرے بوائے فرینڈ کے ساتھ ویک اینڈ گزارنا چاہتی تھی۔

واضح رہے کہ خاتون شوہر سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد بوائے فرینڈ کے ساتھ رہتی تھی اور اغواء کا منصوبہ ایک اور شخص کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے تھا۔

انتہائی دائیں بازوکی جماعت نیشنل فرنٹ کی کارکن 25 سالہ سینڈی کے بارے میں عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ اغواء کےاس جعلی ڈرامے کے باعث خاتون کو ڈھونڈنے کے لیے پولیس کے ایک ہیلی کاپٹر سمیت 50 فوجی بھی حرکت میں آ گئے تھے۔

عدالت نے سینڈی پر 5 ہزار یوروز جرمانہ عائد کرتے ہوئے 6 ماہ قید کی معطل سزا اور ماہر نفسیات سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔

Email This Post
 
 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.