افغانستان میں حملے اور دھماکے، 10 پولیس اہلکار، 20 جنگجو ہلاک

Samaa Web Desk
October 10, 2016

5

کابل : افغانستان میں حملوں اور دھماکوں میں 10 پولیس اہلکار اور داعش کے 20 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان شہر لشکر گاہ میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

مشرقی افغانستان میں امریکی ڈرون حملوں میں شدت پسند گروپ داعش کے مزید 20 ارکان ہلاک ہوگئے، افغان میڈیا کے مطابق پہلا ڈرون حملہ ننگرہار کے ضلع نازیان میں کیا گیا جس میں شدت پسند گروپ کے 8 ارکان ہلاک ہوگئے۔

5a

حکام نے بتایا کہ امریکی جاسوس طیارے نے دوسرا حملہ آچین ضلع میں کیا جس میں داعش کے 12 ارکان ہلاک ہوگئے، ایک روز قبل ان علاقوں میں ہونیوالے حملوں میں داعش کے 34 ارکان ہلاک ہوگئے تھے۔

ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں ایک دھماکے میں 5 افراد زخمی ہوگئے، جن میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، پولیس کے مطابق دھماکا کابل بس اسٹیشن کے قریب ہوا، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ سماء / اے پی پی