ہوم   > صحت

کوئٹہ میں مضر صحت اشیاء بنانے والے متعدد فوڈ سینٹرز سیل

1 month ago

بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ میں غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء تیار کرنے والے متعدد فوڈ سینٹرز سیل کر دیے۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز بی ایف اے ندا کاظمی کی سربراہی میں معائنہ ٹیم نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں مسجد روڈ، لیاقت بازار، عبدالستار روڈ اور آرچر روڈ میں کارروائیاں کیں جس کے دوران کچن ایریا میں گندگی و حشرات کی موجودگی، کھانے پینے کی اشیاء ڈھکی ہوئی نہ ہونے، خراب و غیر معیاری گھی اور آئل کے استعمال اور ملازمین کے دستانے ماسک، ہیڈکور نہ ہونے سمیت مختلف وجوہات کی بناء پر لہڑی سجی ہاوس کو سیل اور ایک لاکھ جرمانہ کیا گیا۔

راز بار بی کیو ٹونائٹ، کوئٹہ ریسٹورنٹ اور کبابش ریسٹورنٹ کو بھی سربمہر کر دیا گیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشنز ندا کاظمی کا کہنا تھا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے قیام اور کارروائیوں کا مقصد عوام کو خالص، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر محفوظ مضر صحت اشیاء کی تیاری اور فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بی ایف اے کی بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس سلسلے میں بی ایف اے کی جانب سے عوام کو صاف اور معیاری غذائی اشیاء کی فراہمی و فوڈ سیفٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیم نے دیگر مختلف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کا بھی معائنہ کیا اور صفائی کے انتظامات و اشیاء خوردنوش کے معیار کا جائزہ لیا۔ بی ایف اے حکام کی جانب سے مذکورہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے مالکان و عملے کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء کی تیاری و فروخت کے حوالے سے خصوصی ہدایت نامے اور وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں