ہوم   > Latest

بلوچستان حکومت کا غیرحاضر ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

3 months ago

بلوچستان حکومت نے ڈیوٹی سے غیرحاضر ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور پولیس اسپیشل برانچ کو ہدایت کی ہے کہ ضلعی اسپتالوں میں تعینات مختلف شعبوں کے ماہرین اور دیگر ڈاکٹروں کی حاضری رپورٹ مرتب کرکے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو ارسال کی جائے۔ اس رپورٹ کی روشنی میں ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق رپورٹ کی روشنی میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر تعینات ڈاکٹروں کی غیرحاضری پر ان کے کنٹریکٹ منسوخ کئے جائیں گے جبکہ مستقل ڈاکٹروں کے خلاف غیر حاضری کی صورت میں وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کے ذریعہ انکوائری کرکے ان کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب اسپیشل برانچ کی جانب سے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو ارسال کی گئی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر خدیجہ سیف سول اسپتال کوئٹہ، ڈاکٹر سیما داوی ایس کے بی زیڈ سپتال کوئٹہ، ڈاکٹر ساجدہ بلوچ ڈی ایچ کیو اسپتال ڈیرہ مراد جمالی، ڈاکٹر پرویز احمد ڈی ایچ کیو اسپتال گوادر، ڈاکٹر شمائلہ رمضان ڈی ایچ کیو اسپتال لورالائی، ڈاکٹر سعید احمد ڈی ایچ کیو اسپتال تربت، ڈاکٹر سید زین العابدین ڈی ایچ کیو اسپتال ڈیرہ اللہ یار، ڈاکٹر آصف علی ڈی ایچ کیو اسپتال تربت، ڈاکٹر محمد ابراہیم ڈی ایچ کیو اسپتال تربت، ڈاکٹر منصور احمد ڈی ایچ کیو اسپتال پنجگور، ڈاکٹر محمد رفیق ڈی ایچ کیو اسپتال تربت، ڈاکٹر عطاء اللہ بلوچ ڈی ایچ کیو اسپتال تربت، ڈاکٹر شفیع محمد فاطمہ جناح جنرل اسپتال کوئٹہ، ڈاکٹر عبدالحکیم ڈی ایچ کیو اسپتال لسبیلہ، ڈاکٹر عبدالسلام ڈی ایچ کیو اسپتال لورالائی اور ڈاکٹر رستم خان بی ایم سی ایچ کوئٹہ غیرحاضر پائے گئے ہیں۔

غیر حاضر ڈاکٹروں کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کئے جارہے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنروں اور اسپیشل برانچ کو ماہانہ بنیادوں پر ڈاکٹروں کی حاضری چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت اور حکومتی پالیسی کے مطابق کنٹریکٹ کی بنیاد پر ضلعی اسپتالوں میں مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں گائناکالوجسٹس، انستھیزیسٹ اور سرجنز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ محکمہ صحت نے دیگر ڈاکٹروں کو بھی ان اسپتالوں میں تعینات کیا ہے۔ ڈاکٹروں کی حاضری رپورٹ منگوانے کا مقصد ان کی تعیناتی کے مقام پر حاضری یقینی بناتے ہوئے عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں
 
 
 
 
 
 
 
 
مقبول خبریں