خیبرپختونخوا میں 2 افراد میں کانگو وائرس کی تصدیق

July 10, 2019

خیبر پختونخوا میں عیدالاضحیٰ سے قبل کانگو وائرس سر اٹھانے لگا، 2 مریض حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کر دیئے گئے۔

عیدالاضحیٰ سے قبل اپر دیر اور پشاور سے تعلق رکھنے والے کانگو وائرس سے متاثرہ 2 مریض حیات آباد میڈیکل کمپلکیس کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کئے گئے ہیں، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

انچارج آئسولیشن وارڈ کا کہنا ہے کہ کانگو وائرس جانوروں کی چیچڑیوں (جوؤں) سے لگتا ہے، متاثرہ جانور کا خون انسانی جسم کے کسی زخم پر لگ جانے سے بھی یہ وائرس منتقل ہوجاتا ہے، زیر علاج دونوں مریض قصاب ہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جانور ذبح کرتے ہوئے احتیاط اور منڈی لانے والے جانوروں پر اسپرے کرکے اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔