ہوشیار، سگریٹ نوشی کا ایک اور بڑا نقصان سامنے آگیا

July 3, 2019

سگریٹ نوشی کے نقصانات سے کون واقف نہیں ، امراض قلب اور ہائی بلڈ پریشر سمیت متعدد مسائل کو جنم دینے والی اس عادت سے آپ کی بینائی بھی جا سکتی ہے۔

تازہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سگریٹ نوشی اندھے پن کا باعث بن سکتی ہے۔

برطانیہ کے رائل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلائنڈ پیپلز کی ریسرچ کے مطابق تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں دوسروں کی نسبت بینائی سے محروم ہو جانے کی شرح سب سے زیادہ پائی جاتی ہے ۔

ریسرچ کرنے والے ماہرین نے تنبیہہ کی ہے کہ ایسے لاکھوں افراد جو تمباکو نوشی کی لت میں مبتلا ہیں وہ اپنی بینائی کو داؤ پر لگا رہے ہیں کیونکہ تمباکو کا استعمال آنکھوں کو درپیش کئی مسائل میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

سگریٹ نوشی سے مختلف قسم کی دھاتیں جیسا کہ سیسہ اور تانبا آنکھ کے پردے میں اکھٹی ہو سکتی ہیں۔

آنکھ کے پردے کا کام آنکھ میں داخل ہونے والی روشنی کو فوکس کرنا ہے اور اس کا متاثر ہونا بصارت میں دھندلے پن کی بنیادی وجہ ہے۔

سگریٹ نوشی ذیابیطس کی وجہ سے بینائی میں پیدا ہو جانے والے مسائل میں بھی اضافے کا سبب بنتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سگریٹ نوشی ذیابیطس سے متاثری افراد کے مسائل کو انتہائی پیچیدہ بنا سکتی ہے۔