سندھ حکومت بے بس، لاڑکانہ میں ایچ آئی وی مریضوں کی تعداد 445 تک پہنچ گئی

May 13, 2019

سندھ حکومت بے بس ہوگئی، لاڑکانہ میں ایچ آئی وی قابو میں نہیں آرہا، رتو ڈیرو میں 356 بچے ایچ آئی وی کا شکار نکلے۔ محمکہ صحت نے 445 افراد میں وائرس کی تصدیق کردی۔

لاڑکانہ میں خوفناک وائرس بڑھتا ہی جارہا ہے، رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی اسکریننگ دو ہفتوں سے جاری ہے، 445 افراد میں مرض کی تصدیق ہوچکی ہے۔

انچارج سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر سکندر میمن نے بتایا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد بھی 356 تک پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب وائرس پھیلانے کے الزام میں گرفتار ڈاکٹر مظفر کی بھی دوبارہ اسکریننگ کروائی گئی۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش کا کہنا ہے کہ تحقیقات تقریباً مکمل ہیں، جمعرات کو پریس کانفرنس کرکے حقائق سامنے لے آئیں گے۔

تحصیل اسپتال سمیت 3 مقامات پر پندرہ روز کے دوران 11 ہزار 68 افراد کی اسکریننگ کی جاچکی ہے۔