سعودی عرب میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ

April 6, 2019

سعودی وزارت صحت کے مطابق سال 2018 ء کے دوران ایڈز کے سعودی مریضوں کی تعداد بڑھ کر 533 ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی وزار ت صحت کے ماتحت انسداد ایڈز قومی پروگرام کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سناء مصطفی فلمبان نے بتایا ہے کہ سال 2018ء کے دوران ایڈز کے سعودی مریضوں کی تعداد 533 تک پہنچ گئی۔

ترجمان کے مطابق 6 مردوں کے مقابلے میں ایک خاتون ایڈز کی مریضہ ہے۔ ڈاکٹر سناء نے نجی میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے بتایا کہ حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایڈز کے83 فیصد مریضوں کی عمریں 15تا 49 برس کے درمیان ہیں۔

مناعہ سوسائٹی کے بانی چیئرمین عبداللہ الحقیل نے بتایا کہ 1985ء سے لے کر سال 2019ء تک سعودی عرب میں ریکارڈ پر آنے والے ایڈز کے مریضوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ ان میں سے 7500 سعودی اور 12ہزار سے زیادہ غیر ملکی ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ واقعات میں ایڈز کے مریض اسپتالوں اور ڈاکٹروں سے رجوع نہیں کرتے ہیں،جس کے بعد حتمی اندازہ لگانا غلط ہوگا، حکومت ملک میں پھیلتے اس مرض پر قابو پانے کیلئے نئی صحت پالیسی کا بھی جلد اعلان کرے گی۔