خبردار، یہ کھانے اپنے فریج میں ہرگز نہ رکھیں

February 10, 2019

کیا آپ کو معلوم ہے کہ ہماری روز مرہ کی کچھ اشیاء ایسی بھی ہوتی ہیں، جنہیں فریج میں ہرگز نہیں رکھنا چاہئے، تاہم کم علمی اور ماضی کے تجربے کی بنا پر اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ ان کھانے پینے کی اشیاء کو ہمیشہ فریج میں ہی رکھتے ہیں۔

ذیل میں ایسی ہی چند خاص چیزوں کا احوال آپ کی معلومات کیلئے پیش کیا جا رہا ہے، جنہیں فریج میں رکھنے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ معروف فوڈ ایکسپرٹ کیون مرفی کی جانب سے نئی تحقیقاتی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے۔ کیون کے مطابق کھانے پینے کی اشیا کو دیر تک قابل استعمال بنانے کیلئے فریج کا استعمال کیا جاتا ہے، تاہم ہر قسم کا کھانا فریج میں نہیں رکھا جاسکتا، ایسا کرنے سے نہ صرف کھانا خراب ہوتا ہے بلکہ وہ مضر صحت بھی ہوتا ہے۔

ہری پتوں والی سبزیاں

گوبی، سلاد کا پتا، جڑی بوٹیاں اور ایسی ہی دیگر ہرے پتوں والی سبزیوں کو فریج میں رکھنے سے پرہیز کریں۔ فریج میں یہ سبزیاں رکھنے سے اس کی تروتازگی ختم ہو جاتی ہے۔

بوتل میں موجود اشیا

کوئی بھی مائع چیز جو بوتل میں سیل پیکڈ ہو یا مکمل طور پر بند ہو، اسے فریج میں رکھنے سے اجتناب برتیں۔ ایسا کرنے سے اکثر غیر معیاری بوتلیں گیس بھر جانے سے فریج میں رکھے ہوئے پھٹ جاتی ہیں۔ یہ ہی عمل پلاسٹک اور کین کے استعمال میں بھی لاگو ہوتا ہے۔

انڈے

ہمارے ہاں انڈوں کو فریج میں رکھنے کا عام رواج ہے، جب کہ فریج کے اندر مخصوص حصہ بھی انڈوں کیلئے مختص کیا جاتا ہے، تاہم ایسا کرنا درست نہیں، فریج میں زیادہ دیر تک رکھنے سے انڈے پھٹنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ کیون کے مطابق چیزیں سرد ہونے کے بعد اپنا حجم بڑھاتی اور پھیلتی ہیں، یہ ہی وجہ ہے کہ فریج میں انڈے رکھنے سے یہ پھٹ جاتے ہیں۔ اس کی ایک مثال ایسی ہی ہے کہ جب پانی کو آئیس کیوب کی ٹرے میں ڈالا جاتا ہے تو وہ کم لگتا ہے، تاہم برف کی کیوب بننے پر وہ بڑی کیوب کی شکل میں آجاتی ہے۔

تازہ پھل سبزیاں

تازہ سبزیوں کو فریج میں رکھنے سے نہ صرف ان کی تازگی ذائل ہوتی ہے بلکہ اکثر اوقات یہ کالی بھی پڑ جاتی ہیں۔ یہاں یہ بات بھی یاد رکھیں کہ تازہ سبزیوں اور پھلوں کی ساخت اور نوعیت فریج میں ہرگز نہ رکھنے والی ہوتی ہے۔

جما ہوا گوشت

پہلے سے جمے ہوئے گوشت کو دوبارہ فریزر میں رکھنے سے پرہیز کریں، ایسا نہ کرنے سے گوشت دوبار رکھنے پر فریج میں خراب ہوسکتا ہے۔ گوشت جو جتنا جلد ممکن ہو تازہ یا جلدی پکا لیں، زیادہ عرصے تک گوشت فریج میں رکھنے سے کالا پڑنا شروع ہو جاتا ہے۔

فرائی کھانا

کریسپی اشیا فریج میں رکھنے سے ان کا کریپس نرم پڑ جاتا ہے، جو کھانے میں بالکل مزیدار نہیں لگتا۔

ڈیری پروڈکٹس

دودھ ، دہی اور کریم جیسی اشیا زیادہ عرصہ فریج میں رکھنے سے کھٹی اور خراب ہو جاتی ہے یا پانی چھوڑ دیتی ہے۔

آلو

کیون کے مطابق فریج میں آلو کی بنی یا ایسی اشیا جن میں آلو شامل ہوں، ہرگز فریج میں نہ رکھیں۔ جب کہ کچے آلوؤں کو بھی فریج میں رکھنے سے پرہیز کریں۔ سوپ یا ایسی کوئی چیز جس میں آلو شامل ہوں ان میں سے آلو نکال کر فریج میں رکھیں اور بعد میں استعمال کے وقت اس میں آلو شامل کرلیں۔

کافی

ایک بڑی تعداد اکثر گرمیوں میں کافی کو محفوظ بنانے کیلئے فریج میں رکھتی ہے، تاہم یہ طریقہ غلط ہے۔ کافی کو ہرگز فریج میں نہ رکھیں، اس سے نہ صرف اس کا ذائقہ خراب ہوتا ہے بلکہ یہ جم کر خراب ہو جاتی ہے۔