خیبرپختون خوا میں پولیو کا کیس سامنے آگیا،تعداد 5 ہوگئی

January 11, 2019

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کے علاقہ مرمنڈی عظیم میں 16 ماہ کی انعم میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

 ایمرجنسی آپریشن سینٹرخیبر پختو نخوا کےمطابق تحصیل سرائے نورنگ کے گاؤں بانا منجی والا میں پولیو کیس سامنے آنے کے بعد صوبہ بھر میں پولیو کیسز کی تعداد5ہوگئی ہے۔  16 دسمبر 2018 کو مقامی شخص افضل خان کی 16 ماہ کی بیٹی انعم بیمار پڑ گئی تھی جسے مقامی طبی مرکز لیجایا گیا تو وہاں موجود ڈاکٹر نے بچی میں پولیو کی علامات کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا۔

اس کے بعد انعم کا اسٹول سمپل لیبارٹری تجزیہ کے لئے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد بھیجوایا گیا۔ این آئی ایچ اسلام آباد میں انعم کے اسٹول سمپل کے تفصیلی لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق ضلع لکی مروت کی 16 ماہ کی انعم کے پولیو سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

ای او سی خیبر پختونخوا کے مطابق2018میں صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو کے 5کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 1ضلع چارسدہ، 1 ضلع لکی مروت، قبائلی ضلع باجوڑ سے 2 اور قبائلی ضلع خیبر سے پولیو کا 1 کیس رپورٹ ہوا۔