پاکستان میں ٹی بی کے مریضوں کی تعداد 16 لاکھ سے تجاوز کر گئی

December 5, 2018

وزارت محکمہ صحت کے مطابق پاکستان میں تپ دق کے رجسٹرڈ 16 لاکھ سے زائد مریضوں کے علاج کے لئے 1340 سرکاری ہسپتال اور مراکز موجود ہیں،جب کہ اس حوالے سے نجی شعبہ کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں

ملک بھر میں تپ دق کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 16لاکھ61ہزار961 ہے جن کے علاج معالجہ کیلئے 1340 سرکاری ہسپتال اور مراکز قائم ہیں جبکہ حکومت کی طرف سے اس بیماری علاج کیلئے نجی شعبہ کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔وزرات قومی صحت کے مطابق ملک بھر میں تپ دق کے 1661961 رجسٹرڈ مریضوں میں سے 1195247مریضوں کوسرکاری ہسپتالوں اور مراکز میں علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

حکومت نے تپ دق کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے خدمات کو نجی شعبہ میں بھی توسیع دی ہے تاکہ تپ دق کے مریضوں کو بروقت علاج معالجہ کی سہولت مل سکے۔اسی طرح حکومت نے تپ دق کے مریضوں کو ہسپتالوں اور مراکز پر اینٹی تپ دق ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں ۔ آزاد جموں کشمیر میں تپ دق کے ہسپتالوں اور مراکز کی تعداد 63 ہے جبکہ بلوچستان میں انکی تعداد 122ہے ۔اسی طرح گلگت بلستان میں ان ہسپتالوں اور مراکز کی تعداد44 اور فاٹا میں انکی تعداد 27ہے۔

تپ دق کے مریضوں کو بروقت تشخص اور علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے خبیر پختونخوا میں 241 ہسپتال اور مراکز موجود ہیں جبکہ پنجاب میں ان ہسپتالوں اور مراکز کی تعداد 564 ہے۔اسی طرح سندھ میں تپ دق سے عوام الناس کو بچانے اور ان کے علاج معالجہ کیلئے 270 ہسپتال اور مراکز ہیں جبکہ اسلام آباد میں 9 ہسپتال اور مراکز ہیں۔