ناخن کترنے کی عادت مصيبت بن سکتی ہے

Samaa Web Desk
September 12, 2018

دانتوں سے ناخن کترنے کی عادت نے مصیبت سے دوچار کردیا، آسٹریلیا میں نوجوان لڑکی کو انگوٹھے سے محروم ہونا پڑگیا۔

بہت سے لوگ فکر، پریشانی، سوچ بچار کی کیفیت میں اپنے ناخن چباتے ہیں، مگر یہ عادت بڑی پریشانی سے بھی دوچار کرسکتی ہے۔

آسٹریلیا میں برطانوی نژاد لڑکی کورٹنی وتھورن کے ساتھ ایسا ہی ہوا،اسکول میں ہم جماعت تنگ کرتے تھے، تو ڈری سہمی کورٹنی کو دانتوں سے ناخن کترنے کی عادت پڑگئی۔

چار سال کے دوران اس نے انگوٹھے کا پورا ناخن ہی چبا ڈالا، پہلے انگوٹھا سیاہ ہوا اور پھر زخم بڑھنا شروع ہوا تو بیس سالہ کورٹنی نے طبی معائنہ کرایا، جس میں پتا چلا کہ اسے جلد کا ایک نادر قسم کا کینسر ہوچکا ہے، ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ یہ کینسر ناخن چبانے کی وجہ سے ہوا ہے۔

جولائی میں کورٹنی کے انگوٹھے کی چار بار سرجری ہوئی مگر بالآخر ڈاکٹروں کو اس کا انگوٹھا ہی کاٹنا پڑا، کورٹنی وتھورن کہتی ہے کاش اسے پتا ہوتا تو وہ ناخن چبانے کی عادت کبھی اختیار نہ کرتی۔