کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں ڈائیلاسز مشینوں کی قلت

Shah Hussain
September 11, 2018

 

کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس بی اور سی  کے مریضوں کیلئے مخصوص ڈائیلاسز مشینوں کی شدید  کمی کا سامنا ہے، گردوں کے حساس مریض بھی ڈائیلاسز کروانے کیلئے اسپتالوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔

ضلع پشین سے تعلق رکھنے والاعلی محمد جسے زندہ رہنے کیلئے ہفتے میں دو دن ڈائیلاسز کروانا پڑتا ہے، 20 سالہ  نوجوان کے ایچ آئی وی میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا تو بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کوئٹہ میں ایچ آئی وی پازیٹیو مشین نہ ہونے کے باعث انتظامیہ نے اسے سول اسپتال کوئٹہ  منتقل کردیا۔

بلوچستان بھر میں ایچ آئی وی پازیٹیو مریضوں کیلئے ایک ڈائیلاسز مشین صرف سول اسپتال کوئٹہ میں نصب ہے۔

بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرو یورولوجی کوئٹہ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر کریم زرکون کہتے ہیں کہ سول اسپتال کا ڈائیلاسز یونٹ ان کے انسٹی ٹیوٹ کا ہی حصہ ہے۔

ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ سول اسپتال کوئٹہ کے ڈائیلاسز یونٹ کو بھی جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے۔