پشاور اور خیبر میں ڈینگی بے لگام، متاثرین کی تعداد 250 سے بڑھ گئی

September 10, 2018

پشاور اورخیبر میں ڈینگی وائرس پر قابو نہ پایا جاسکا۔ دونوں اضلاع میں مزید 30 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ نئے کیس سامنے آنے کے بعد پشاور اور خیبر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 250 سے بڑھ گئی ہے۔

 دوسری طرف ضلع خیبر کے اسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ تر افراد کو پشاور کے مختلف علاقوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال کی نسبت امسال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد انتہائی کم رہی ہے لیکن اس کے باوجود بھی صوبے کے مختلف اضلاع پشاور، ایبٹ آباد اور خیبر اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

اس سلسلے میں گزشتہ دو روز کے دوران مزید شہریوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جن میں سے بعض افراد کو پشاور کے اسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ وائرس پر کنٹرول کیلئے ہر ممکن اقدامات لے رہے ہیں۔ متعلقہ اضلاع کو کئی مہینے قبل ہی انتظامات کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ پبلک ہیلتھ ڈائریکٹر کے مطابق اس سلسلے میں آئندہ سال کیلئے ادویات اور سپرے وغیرہ خریدا جارہا ہے جبکہ رواں سیزن کیلئے ان کے پاس وافر مقدار میں اسٹاک موجود ہیں۔