خیبر پختونخوا: رواں سال پوليو کا پہلا کيس رپورٹ

Hira Shah
September 6, 2018

خیبر پختونخوا میں رواں سال پولیو کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ چارسدہ کے ارسلان نامی 19 ماہ کے  بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی تاہم وقت پر قطرے پلائے جانے کے باعث بچہ معذوری سے بچ گیا ہے۔

پشاور سے سماء کی رپورٹر حرا شاہ کے مطابق محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رواں سال صوبے میں پولیو کا پہلا کیس ہے،   بچے میں پولیو کا پی ون وائرس پایا گیا۔

پشاور میں پولیو کیلئے قائم ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر محمد عابد خان وزیر نے کہا ہے کہ 19 ماہ کے ارسلان کا تعلق چارسدہ کے علاقہ میاں گان سے ہے۔ ارسلان کے مکمل معائنے اور تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ اس پر پولیو وائرس نے حملہ کیا تاہم بچے کو وقت پر پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے، جس کی وجہ سے ارسلان عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رہا۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں 24 ستمبرسے پولیو مہم شروع کی جارہی ہے، مہم  کے دوران 57 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے 16 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔