پشاور، ایک ہی گھر کے 4افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص

Hira Shah
July 11, 2018
 

پشاورکے مضافاتی علاقے اچینی بالا میں ڈینگی مچھر نے ایک مرتبہ پھر پنجے گاڑنا شروع کردیئے ہیں۔ منگل کے روز ڈینگی رسپانس یونٹ نے پشاورسے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھرانے کے چار افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص کردی ہے۔

 محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ڈینگی رسپانس یونٹ نے اچینی گائوں میں ڈینگی مچھروں کی موجودگی کی اطلاعات پر جب گزشتہ روز میڈیکل ٹیم کوعلاقہ میں بھیجا تو معلوم ہوا کہ علاقے میں صرف ایک گھرانے کے چار افراد کوڈینگی مچھر کے کاٹنے کے نتیجے میں بیماری لاحق ہوئی ہے جس پر متعلقہ ٹیم نے علاقے کاسروے کیاتو وہاں پر ڈینگی لاورا کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

 ذرائع نے بتایا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 58 سالہ زر ولی یونین کونسل اچینی پشاور کے خون کے نمونے میں ڈینگی وائرس پایا گیا ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیم کے مطابق سروے کے دوران متاثرہ افراد کے گھروں سمیت علاقے کے 10 مزید گھروں میں بھی ڈینگی لاروا پایا گیا ہے جس پرمتاثرہ افراد کے گھروں سمیت آس پاس 50 گھروں میں بھی سپرے کرایا گیا اور ڈینگی لاروا تلف کیا گیا۔

 یادرہے کہ اس وقت خیبرپختونخواکے مختلف اضلاع میں 22 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 16 مریض دوسرے صوبوں میں ڈینگی سے متاثر ہوئے تھے۔

محکمہ صحت کی جانب سےمکانات کےاطراف پانی کھڑا نہ ہونےاورحفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ڈینگی رسپانس یونٹ نے بتایا ہےکہ صوبہ بھر میں رواں سال 22 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ پشاور میں پچھلے برس 60 مریض ڈینگی کےباعث انتقال کرگئے تھے۔