پختونخوا، طویل عرصہ سے غیر حاضر94 میڈیکل افسران برطرف

Noor Ul Huda Shaheen
July 10, 2018

خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں ڈیوٹی سے طویل عرصے تک غیر حاضر گریڈ سترہ کے 94 میڈیکل افسران کو ملازمت سے فارغ کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ آئندہ چند روز میں اجتماعی اور انفرادی اعلامیہ جاری کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ محکمہ صحت نے سرکاری اسپتالوں میں میڈیکل افسران کی بلا اجازت غیر حاضری پر بیسیوں ڈاکٹرز کو نوٹس جاری کئے تھے۔ اخبارات کے ذریعے بھی آگاہ کیاتھا لیکن اس کے باوجود بھی ڈاکٹرز کی جانب سے محکمہ صحت کے اظہار وجوہ کے نوٹس کے جوابات نہیں مل سکے۔

اس حوالے سے چند ہفتے قبل غیر حاضر ڈاکٹرز کی فہرست حتمی کارروائی کیلئے چیف سیکرٹری کو ارسال کی گئی تھی۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ سول سیکرٹریٹ نے غیر حاضر ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کی سفارشات سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں ملازمتوں سے برطرف کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

پہلے مرحلے میں سرکاری اسپتالوں کے94 ڈاکٹرز کی برطرفی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا جلد اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔