کے پی، فاٹا، گلگت بلتستان، کشمیر سمیت ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

April 9, 2018

اسلام آباد : خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پولیو کے خاتمے کی مہم شروع ہوگئی۔

پنجاب میں پولیو کے خاتمے کی 5 روزہ اور خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں 3 روزہ مہم شروع ہوئی۔

پنجاب میں تقریباً ایک کروڑ 85 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے 44 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، خیبرپختونخوا میں مہم کے دوران 67 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں مہم کیلئے 2 ہزار سے زیادہ موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور 400 سے زیادہ مراکز قائم کئے گئے ہیں، گلگت بلتستان میں انسداد پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی انسداد پولیو مہم کا شروع کردی گئی، ہرنائی میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 25 ہزار بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، 106 موبائل، 24 فکس اور 9 ٹرانزٹ پوائنٹ بنائے گئے ہیں، 400 پولیس اور لیویز اہلکار ٹیموں کی حفاظت پر مامور ہوں گے۔