Tuesday, October 26, 2021  | 19 Rabiulawal, 1443

علی ظفرہتک عزت کیس:عفت عمراوردیگرملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع

SAMAA | - Posted: Oct 12, 2020 | Last Updated: 1 year ago
SAMAA |
Posted: Oct 12, 2020 | Last Updated: 1 year ago

لاہور کی سیشن عدالت نے گلوکارعلی ظفرکے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کیخلاف ایف آئی کی جانب سے درج کیے جانے والے مقدمے میں اداکارہ عفت عمر سمیت 3 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

پیر کو درخواست ضمانت پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج نے کی۔ ملزمان نے موقف اختیار کیا کہ وہ بے قصور ہیں ایف آئی اے نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا جس میں ان پر علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کا الزام عائد کیا گیاہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کوبتایا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہیں،انکوائری مکمل ہونے پر رپورٹ پیش کر دی جائے گی۔

عدالت نے تفتيشی کو تحقيقات جلد مکمل کرنے کي ہدايت کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانت ميں 2 ہفتے کی توسيع کردی۔

گلوکارعلی ظفرنے سوشل میڈیا پر خود کو بدنام کرنے پر میشا شفیع اور دیگر 8 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی ہے۔

ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ کی جانب سے پیر28 ستمبرکو درج کرائی جانے والی ایف آئی آرمیں میشا شفیع کےعلاوہ عفت عمر،علی گل پیر،حمنہ رضا،لینا غنی،فاریہ ایوب،ماہم جاوید،سیدفیضان رضااورحسیم الزمان کے نام شامل ہیں۔

ان تمام افراد پرپی ای سی اے کی دفعہ 20 (فرد کے وقار کے خلاف جرائم) اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 109 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آرکے متن کے مطابق کچھ افراد علی ظفر کیخلاف ٹوئٹر ، فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پرانہیں بدنام کرنے والی پوسٹس کررہے ہیں اور گلوکار کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر ان کی کردار کشی کی جارہی ہے۔

علی ظفرنے موقف اختیارکیا ہے کہ میشا شفیع نے 19 اپریل 2018 کو اپنا ٹوئٹراکاونٹ میرے خلاف تحقیرآمیزجملے اورجھوٹے الزامات پوسٹ کرنے کے لئے استعمال کیا۔ ملزمان کو دفاع کے کئی مواقع ديے گئے ليکن وہ تسلی بخش جواب نہيں دے سکے۔

اپریل 2018 میں میشا شفیع نے ٹوئٹر پرعلی ظفرکیخلاف الزام عائد کیا تھا کہ وہ انہیں ایک سے زیادہ مواقع پرجسمانی طورپرہراساں کرچکے ہیں، جواب میں علی ظفرنے میشا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائرکیاتھا۔

گلوکارنے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھاکہ میری ساکھ کو پہنچنے والے نقصان اورجھوٹے الزامات عائد کرنے پرمیشا شفیع ہرجانہ ادا کریں۔

اس وقت سے دونوں سیلیبرٹیز کے درمیان قانونی لڑائی جاری ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube