Monday, October 26, 2020  | 8 Rabiulawal, 1442
ہوم   > اینٹرٹینمنٹ

حمزہ علی عباسی کی شوبزمیں واپسی

SAMAA | - Posted: Sep 28, 2020 | Last Updated: 4 weeks ago
SAMAA |
Posted: Sep 28, 2020 | Last Updated: 4 weeks ago

تصویر: سماء ڈیجیٹل

طویل عرصے سے اسکرین سے غائب حمزہ علی عباسی ایک بارپھراپنے مداحوں کو اسکرین پر نظر آنے کیلئے تیار ہیں۔

ڈرامہ سیریل ” پیارے افضل ” سے بے پناہ شہرت حاصل کرنے والے حمزہ نے شادی کے بعد شوبزسے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اپنا وقت دین کی تبلیغ کیلئے وقف کرنے کا اعلان کیا تھا۔

حمزہ حال ہی میں ایکسپریس انٹرٹینمنٹ پراحمد علی بٹ کے ساتھ آن لائن پُرمزاح پروگرام ” کسوٹی آن لائن” میں آن لائن مہمان بنے اورمیزبان کی جانب سے پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نےاداکاری بالکل نہیں چھوڑی،صرف وقفہ لیا تھا۔

ان دنوں ڈیلاس میں موجود حمزہ نے مداحوں کو بتایا کہ میں نے ایسا بالکل بھی نہیں کہا تھا کہ میں اداکاری کو خیرباد کہہ رہا ہوں، وقفےکے بعد ابھی میرے 2 پراجیکٹس زیر تکمیل ہیں۔

نومبر 2019 میں 23 منٹ طویل دورانیے کی ایک ویڈیو ٹوئٹرپرشیئر کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے اپنے مداحوں کو بتایا تھا کہ میں شوبز سے فی الحال کنارہ کشی اختیارکررہا ہوں اور مستقبل میں جو کام کروں گا وہ مذہب کی ترویج کیلئے ہوگا۔ میں ویڈیوز بناؤں گا جس میں لوگوں کے سوالوں کے جواب دوں گا، اس کے علاوہ فلم ڈرامہ یا کچھ بھی بناؤں ، ان میں کوئی غیراخلاقی چیزیا بدکاری کا عنصر شامل نہیں ہوگا۔ اسلام اور ملک کیلئے تخلیق کروں گا۔

حمزہ علی عباسی شوبزسے دور، مستقبل سے متعلق اہم فیصلہ

حمزہ علی عباسی نے واضح کیا تھاکہ میں میڈیا کی حد تک ایکٹنگ سے کنارہ کشی اختیارکررہا ہوں کیونکہ اس میں اس میں غیر سنجیدہ ڈرامے ، کمرشلز اور ویڈیو کرنی پڑتی ہیں اورمیں نہیں چاہتا کہ ایک طرف تو میں اتنی سنجیدہ باتیں کروں اور دوسری طرف یہ سب کروں۔ ایکٹنگ سے لمبے عرصے کیلئے کنارہ کشی اختیارکررہا ہوں تو کوئی یہ نہ سوچے کہ میں مشہور ہونے کیلئے ایسا کر رہا ہوں۔ ایسا بہت پہلے سے سوچ رہا تھا۔ ڈرامہ سیریل ” الف ” اس لیے کیا کیونکہ اس میں اللہ سے متعلق پیغام ہے ورنہ شاید مولا جٹ میری آخری فلم ہوتی۔

دسمبر 2019 میں اداکار ہمایوں سعید نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ حمزہ علی عباسی حب الوطنی کے موضوع پر ایک فلم ڈائریکٹ کریں گے۔ وہ کچھ عرصے کیلئے کام نہیں کر رہے لیکن انڈسٹری نہیں چھوڑ رہے ہیں، اب وہ سولجرز یا مذہبی نوعیت کے کردار ہی ادا کیا کریں گے۔

ہمایوں کے مطابق تاحال فلم کا نام فائنل نہیں کیا گیا لیکن حمزہ کی ڈائریکشن میں بنائی جانے والی اس فلم کو وہ پروڈیوس کریںگے۔

حمزہ عباسی 25 اگست 2019 کو نیمل خاور کے ساتھ اسلام آباد میں ایک سادہ سی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے، ان کی اہلیہ نیمل نے شادی سے کافی عرصہ قبل ہی شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔

سال 2006 میں تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے حمزہ علی عباسی کے معروف ڈراموں میں ڈیبیو ڈرامہ میرے درد کو جو زباں ملے، پیارے افضل، ٹیلی فلمز ایک تھا راجہ ایک تھی رانی اور گلو ویڈز گولی، من مائل اور ڈرامہ سیریل “الف”شامل ہے۔

فلمی سفر کی بات کی جائے توڈاکیومینٹریز کے علاوہ حمزہ کی معروف فلموں میں ، میں ہوں شاہد آفریدی، وار، جوانی پھر نہیں آنی، ہو من جہاں، پرواز ہے جنوں، جوانی پھرنہیں آنی 2 شامل ہیں۔ ان کی آنے والی فلم” مولا جٹ” ہے جو سال 1979 میں ریلیز ہونے والی مقبول ترین فلم کا سیکوئل ہے۔ حمزہ اس فلم میں نوری نتھ کے روپ میں نظر آئیں گے جب کہ ان کے ساتھی اداکاروں میں فواد خان اور ماہرہ خان شامل ہیں۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے :

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube