صدر مملکت عارف علوی نے کشمیر کے شہداء سے متعلق گلوکارہ حدیقہ کیانی کے گانے کوسراہا ہے۔
حدیقہ کیانی نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پرترک فنکاروں کے ساتھ مل کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔
انسٹاگرام پر حدیقہ نے صدرعارف علوی کی جانب سے کی جانے والی تعریفی ٹویٹ شیئرکرتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا۔
صدر مملکت نے لکھا ” مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد کی عکاسی کرتا ہوا ایک بہترین گانا، انشاء اللہ اس گانے میں بتائےجانے والے خواب ایک دن پورے ہوں گے”۔
انہوں نے گانے کی تعریف کرتے ہوئے کشمیرکی آزادی کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے مزید لکھا ” یہ واقعتا دلوں کو گرما دینے والا گانا ہے، کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم او قتل و غارت کا خاتمہ ہوگا اور کشمیر آزاد ہوگا۔
حدیقہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں گانے کو پسند کرنے اور سپورٹ پر صدرسمیت تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بطور ایک گلوکارہ میں اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے شعور اُجاگر کرنے کے لیے آواز بلند کرسکتی ہوں۔
گلوکارہ کے مطابق ہمیں کشمیریوں کی آواز سننے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہرکی کہ مظلوموں کے لیے اٹھائی گئی میری آوازعالمی رہنماؤں تک پہنچے گی اور وہ اس حوالے سے مدد کریں گے “۔
گانا ترکش، اردو اورکشمیری زبان میں تیارکیا گیا ہے جس کا دورانیہ 3 منٹ اور 37 سیکنڈز ہے۔ ویڈیو میں شہداء کی تصاویر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کو دکھایا گیا ہے۔گانے میں حدیقہ کیانی کا ساتھ تُرک فنکاروں علی ٹولگا ڈیمرٹاس اور ٹورگی ایورین نے دیا ہے۔
یوم شہدائے کشمیر ہرسال 13 جولائی کو منایا جاتا ہے، اس دن سری نگرمیں بیگناہ مسلمانوں میں اپنی جانیں قربان کر کے تحریکِ آزادی کشمیرکی بنیاد رکھی تھی۔