ہدایتکارہ کی اپنے ہی فلم کے ہیرو دانش تیمور پر شدید تنقید

July 19, 2019

اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے اپنی ہی فلم ’تم ہی ہو‘کے ہیرو اداکار دانش تیمور پر تنقید کے نشتر چلادئیے۔

اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے آرٹس کونسل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ سوچااللہ جوکرتاہے اچھے کیلئے کرتاہے میں ہر سال ایک فلم بناؤنگی، فلم ’تم ہی ہو‘ کل نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔

ہدایتکارہ سنگیتا نے اداکار دانش تیمور پر شدید تنقید کی ،کہا کہ فلم کے ہیرو دانش تیمور نے فلم کو پیروں کی دھول سمجھا لیکن ان کی جگہ شان ہوتا تو ایسا نا ہوتا۔

سنگیتا کا کہنا تھا کہ دانش تیمور شوٹنگ کے دوران بتاتے رہے کہ ایسی فلم کررہا ہوں، ویسی فلم کررہا ہوں، اس دوران میرا کہنا یہ تھا کہ فلم کے حوالے سے آپ مجھے نہیں جانتے، افسوس کے ساتھ کہتی ہوں، نئے اسٹارز سینئرز کو سمجھیں اور احترام کریں۔

انہوں نے کہا کہ فلم ’تم ہی ہو‘میں تمام لوازمات موجود ہیں، کاسٹ میں دانش تیمور، متیرا اور عینی نمایاں ہیں، فلم میں گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز سننے کو ملے گی ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سینما گھروں نے بھی شوز دینے میں پریشان کیا انکو پاکستانی نہیں انڈئین فلمز چاہیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے لوگوں کو فلم میں کام کرنے کاموقع دونگی، اگلی فلم میں شان اور صبا قمرکو کاسٹ کرونگی جبکہ فلم کی کہانی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ فلم کی کہانی کچھ کچھ "میرا نام ہے محبت"سے متاثر ہے۔

ادکارہ سنگیتا نے کہا کہ میں نے 80 فلمز ڈائیریکٹ کی ہیں، فلم بنانے میں کئی مشکلات آئیں، فلم کے نام میں بھی مسائل پیش آئے لیکن فلم میں نئے آرٹسٹ نے ساتھ دیا، فلم کو ہٹ کروانے والی ذات اللہ کی ہے۔