معروف اداکارہ ذہین طاہرہ کو دل کا دورہ، وینٹی لیٹر پر منتقل

June 24, 2019

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ذہین طاہرہ گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑنے کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں تاہم طبعیت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف ترین اداکارہ ذہین طاہرہ کو گزشتہ روز ہارٹ اٹیک کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اداکارہ کی طبیعت سنبھل نہ سکی جس کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔

اداکارہ ذہین طاہرہ نے دہائیوں تک پی ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور دور حاضر میں وہ پی ٹی وی کی تاریخ کی سب سے سینئر اور بزرگ اداکارہ مانی جاتی ہیں۔

اداکار عمران عباس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پرذہین طاہرہ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ آپا کو دل کو دورہ کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اس وقت انہیں ہماری دعاؤں کی ضرورت ہے۔

ذہین طاہرہ سیکڑوں ڈراموں میں جلوہ افروز ہوچکی ہیں، انہیں پی ٹی وی کے سب سے مقبول ترین ڈرامے 'خدا کی بستی' میں بھی کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

اس کے علاوہ ذہین طاہرہ نے عروسہ، دستک، دیس پریس، کالی آنکھیں، کہانیاں، وقت کا آسمان، ماسی اور ملکہ، راستے دل کے، کیسی ہیں دوریاں، شمع، دل دیا دہلیز، چاندنی راتیں، آئینہ، تجھ پے قربان سمیت کئی ڈراموں میں کام کیا۔

حکومت پاکستان نے شوبز انڈسٹری کے لیے لازوال خدمات کے اعتراف میں 2013 میں انہیں 'تمغہ امتیاز' سے بھی نوازا ۔