وزیراعظم عمران خان کیلئے امیتابھ بچن کی ٹویٹ کی حقیقت کیا ہے؟

June 11, 2019

بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی تصویر اور ’’لو پاکستان ‘‘ کے پیغام نے بہت سے صارفین کو حیرت میں مبتلا کردیا لیکن درحقیقت بھارتی اداکار کا اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا تھا۔

ہیکرز نے پروفائل پرعمران خان کی تصویر لگانے کے علاوہ ترکی اور پاکستان کے پرچم والی تصویر شیئر کرتے ہوئے چند ٹویٹس بھی کیں۔

پن ٹویٹ میں میں ہیکرز نے ترکی سائبر آرمی کے لوگو کے ساتھ لکھا ’’ یہ پوری دنیا کے لیےپیغام ہے، ہم آئس لیںڈ کی جانب سے ترکی کے فٹبالرز کے ساتھ برے سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم نرمی سے بات کرتے ہیں لیکن ساتھ میں چھڑی بھی رکھتے ہیں، اور آپ کو بڑے سائبر حملے سے آگاہ کر رہے ہیں۔ ایلیڈیز ٹم ترکی سائبر فوج ہے‘‘ ۔

یاد رہے کہ ترکی کے فٹ بالرز یورو 2020 کوالیفائنگ میچ کھیلنے گئے تھے جہاں ائر پورٹ پر ان کی سخت تلاشی لی گئی۔

ایک اور ٹویٹ میں ہیکرز نے بھارتی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف بات کرتے ہوئےلکھا کہ ’’ بھارت ماہِ رمضان میں روزہ داروں پر حملے کررہا ہے جو امت محمد پر حملہ ہے، جبکہ بھارتی مسلمان ہم پر بھروسہ کرتے ہیں‘‘۔ ٹویٹ کے آخرمیں عبدالحمید بھی لکھا ہے۔

لیجنڈ اداکار مانے جانے والے امیتابھ بچن کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جو ٹوئٹر سمیت سوشل میڈیا پر انتہائی فعال رہتے ہیں اور اپنی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ ان کے 3کروڑ 73 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔

امیتابھ بچن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ آدھے گھنٹے سے زائد ہیک رہا جس کے بعد انتظامیہ نے ہیکرز کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹس ڈیلیٹ کرتے ہوئے اکاؤنٹ بحال کردیا۔