بچوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات کسی صورت قابل قبول نہيں

May 23, 2019

کراچی پریس کلب میں کھلاڑی ، فنکار اور سماجی کارکن اکٹھے ہوگئے،فنکاروں کا کہنا تھا کہ بچوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔

کراچی پریس کلب میں معروف گلوکار شہزاد رائے نے مائرہ خان اور زیبا بختیار سمیت کرکٹر یونس خان کے ہمراہ بچوں کے ساتھ پیش آنے والے زیادتی کے واقعے پر افسسوس کا اظہار کیا ۔

شہزاد رائے نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پولیس سمیت تمام محکموں کو بہتر اقدامات اٹھانے ہوں گے، انھوں نے فرشتہ بچی واقعے پر بھی اظہار افسوس کیا۔

اس موقع پر اداکارہ مائرہ خان نے کہا کہ زیادتی کے واقعات پر آواز نہیں اٹھائی جاتی جس کی وجہ سے روزانہ دس بچے اس ظلم کا سامنہ کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ فرشتہ کے قتل نے قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا،بچوں کو لائف اسکل بیسڈ ایجوکیشن دینا ہوگی،  بچوں میں معیوب حرکات کے حوالے سے آگاہی کیلئے مضامین نصاب میں شامل کیے جائیں۔

کرکٹر یونس خان اور زیبا بختیار نے کے پی کے اور بلوچستان کی عوام سے پشتو اور بلوچی زبان میں اپیل کی کہ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے ظلم کے خلاف اواز اٹھائیں اور بچوں کو اس بارے میں آگاہی بھی فراہم کریں ۔