یہ وہ اقراء عزیز ہے جس کے ہم مداح ہیں

May 17, 2019

اداکارہ اقراء عزیز نے ڈرامہ سیریل ’’رانجھا رانجھا کردی ‘‘ میں اپنے ساتھی کرداروں کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا پر ان کیلئے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

انسٹا گرام پر اپنی طویل پوسٹ میں اقراء نے فردا فردا سب کے نام لے کر خصوصا ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جن کے بغیر یہ پراجیکٹ مکمل نہیں ہوسکتا تھا۔

ڈرامے میں اپنے مقابل بھولے کا ناقابل فراموش کردار ادا کرنے والے عمران اشرف کی بہترین اداکاری پر اقراء نےاپنی اور عمران اشرف کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’جیسا کہ اس تصویر میں ، میں کوشش کر رہی ہوں بھولا بننے کی لیکن کر نہیں سکی،اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اس کردار کو آپ سے اچھا کوئی نہیں کرپاتا۔ اس کے علاوہ سیٹ پر اتنے ٹینشن والے سین کے درمیان میں ہنسی مذاق کا شکریہ تا کہ سیٹ کا ماحول اچھا رہے۔ آپ ناقابل یقین حد تک غیرمتوقع کردار ہیں کہ آپ نے مجھے مشکل میں ڈال دیا تھا‘‘۔

اداکارہ نبے مزید لکھا کہ شکریہ مجھے بھولا سے ملانے کا اور اس کو قریب سے دیکھ کر زندگی کو ایک نئی نظر سے دیکھنے کا موقع دینے کا۔

اقراء کی تعریفوں کے جواب میں عمران نے لکھا ’’ خوشی ہوئی مجھے آپ کا یہ اسٹیٹس دیکھ کر، یہ وہ اقراء عزیز ہے جس کے ہم مداح ہیں۔ آپ کیلئے دل سے خاص دعا ہے کہ اللہ آپ کے نصیب اچھے کرے اور ہر بیٹی کے۔

اداکارہ نے اسماء عباس جو ڈرامے میں اقراء کی ساس (بھولے کی والدہ ) کا کردار ادا کر رہی ہیں کی بہترین اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ اسماء آپا آپ ہر کردار اتنا بہترین ادا کرتی ہیں کہ انسان صرف آپ کو ہی دیکھتا رہ جائے، آپ نے سچ میں ہر قسط میں مجھے ایک ماں کی محبت اور مشکلات محسوس کرائیں۔

ڈرامہ ‘‘رانجھا رانجھا کردی ‘‘ کی کہانی ڈائجسٹ کی معروف رائٹر فائزہ افتخار نے تحریر کی ہے جبکہ اسے کاشف نثار نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

اقراء عزیز (نوری ) کا کردارجمعدار گھرانے سے تعلق رکھنے والی پختہ ارادوں کی مالک لڑکی کا ہے جو اپنا خاندانی پیشہ چھوڑ کر باعزت زندگی جینا چاہتی ہے اور اس کیلئے گھر سے باہر قدم نکالتی ہے تو اسے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ساحر نامی نوجوان سے دھوکا کھانے کے بعد اس کی شادی اپنی عمر سے کافی چھوٹا ذہن رکھنے والے بھولے سے ہوجاتی ہے۔

عمران اشرف نے بھولے کے کردار کو اتنی خوبصورتی سے اداکیا ہے کہ ہر پلیٹ فارم پر انہیں سراہا گیا۔ دیگر کرداروں میں سید جبران، ، زیب رحمان، اسماء عباس، کاشف محمود، عمارہ بٹ شامل ہیں۔