لال اور میرا پرانا رشتہ ہے

May 16, 2019

اداکارہ ماہرہ خان پاکستان شوبز انڈسٹری میں اپنے منفرد اسٹائل کی بدولت پہچانی جاتی ہیں، کسی بھی تقریب میں ماہرہ کا اندازذرا ہٹ کر ہی ہوتا ہے۔

فیشن آئیکون بننا اتنا بھی آسان نہیں ، یقیننا ماہرہ کے اچھے ذوق کی وجہ ان کے بچپن کا شوق بھی ہے۔

ماہرہ نے اپنے انسٹا گرام پر نوعمری کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں لال جوڑا پہنے ، سرپر دوپٹہ لیے مکمل مشرقی انداز اپنائے ہوئے ہیں، خاص بات ماہرہ کی ماتھا پٹی ہے۔

اداکارہ نے چھوٹی عمر سے ہی اچھا پہننے اوڑھنے کے شوق کو واضح کرتے ہوئے لکھا کہ ’’لال اور میرا رشتہ پرانا ہے ‘‘۔

ماہرہ نے بتایا کہ اس تصویر میں میری عمر تقریبا 12، 13 سال ہے اور میں نے اپنے پسندیدہ لال دوپٹے کے ساتھ اپنی امی کی ماتھا پٹی بھی پہن رکھی ہے جس کا مجھے بےانتہا شوق تھا۔

حسب معمول ماہرہ کے فالوورز کی جانب سے تصویر کوبےشمار لائکس ملے مگر دیکھنے والے بھی قیامت کی نظر رکھتے ہیں کے مصداق ایک فالوور نے ماہرہ سے پوچھا کہ کیا 12 سال کی عمر میں آپ اپنی آئی بروز بنواچکی تھیں؟۔ حالانکہ کوئی بھی فیشن اپنانا کسی کا انتہائی ذاتی فعل ہے جس پر کم از کم دوسرے انگلی اٹھانے کا حق نہیں رکھتے۔

لگتا ہے ماہرہ آج کل نوسٹیلجیا کا شکار ہیں، اس سے قبل ڈرامہ سیریل ’’شہرذات ‘‘ کے کافی ویڈیو کلپس شیئرکرنے کے علاوہ ماہرہ نے ڈرامہ ’’ہم سفر ‘‘ کا بھی ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹی وی ڈراموں سے متعلق لکھا تھا کہ عیجیب اتفاق ہے ، ہمسفر ، صدقے تمہارے ، شہرذات اور بن روئے ان سب سیریلز کی شوٹنگ رمضان میں ہوئی۔

اس سے قبل ماہرہ نے اپنی خالہ کے ساتھ بچپن کی ایک کیوٹ سی تصوہیر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ محبت کا اظہار کیا تھا۔